عمرکوٹ (رپورٹ: بیورو چیف ڈاکٹر ایم لال واگھانی)
کنری میں صدر پریس کلب اعجاز مغل اور صدر نیشنل پریس کلب فتح روز خان کی قیادت میں گھوٹکی کی تحصیل خانپور مہر سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی عظیم سیال کے اغوا اور کچے کے ڈاکوؤں کی جانب سے مبینہ طور پر تاوان طلب کیے جانے کے خلاف صحافیوں کی جانب سے شدید احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
احتجاجی مظاہرے میں صحافی عبد المجید میمن، انیل کمار مکوانہ، محمد اقبال بھٹی، سید محمود علی شاہ، پرشوتم داس مالہی، شبیر جان خاصخیلی، اویس اقبال سمیت دیگر صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مغوی صحافی کی فوری اور بحفاظت بازیابی کے مطالبات درج تھے۔ اس موقع پر صحافتی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو اغوا کرنا اور تاوان مانگنا ایک انتہائی تشویشناک عمل ہے، جس سے پوری صحافتی برادری میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
صحافیوں نے حکومتِ سندھ، ڈی آئی جی پولیس اور دیگر متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے فوری مطالبہ کیا کہ مغوی صحافی عظیم سیال کی بحفاظت بازیابی کے لیے مؤثر اور ہنگامی اقدامات کیے جائیں اور اغوا میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

