ڈیرہ اسماعیل خان میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے انسانیت سوز کارروائی کرتے ہوئے دھماکے کے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے والی ایمبولینس پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 2 ریسکیو اہلکار شہید ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق ریسکیو ٹیم دھماکے کے بعد موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر رہی تھی کہ راستے میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے ایمبولینس کو نشانہ بنا کر شدید فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایمبولینس میں موجود 2 ریسکیو اہلکار موقع پر ہی جامِ شہادت نوش کر گئے۔
واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز اور مزید امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا اور علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

