خانیوال (اصغر علی، ڈسٹرکٹ رپورٹر):
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر کی بہتری اور خوبصورتی کے لیے جاری مختلف ترقیاتی، بیوٹیفکیشن اور صفائی کے کاموں کی مانیٹرنگ سخت کر دی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر حنا ارشد نے شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے بازاروں کی خوبصورتی (بیوٹیفکیشن) اور سڑکوں کی تعمیر کے کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے تمام جاری کام معیاری میٹریل کے ساتھ اور مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر مکمل کرنے کی سخت ہدایت جاری کی۔
حنا ارشد نے ریلوے انڈر پاس پر جاری فیچر وال کے پینٹ ورک کا جائزہ لیا اور سٹی پارک کی تزئین و آرائش کا کام جلد مکمل کر کے شہریوں کو بہترین تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے احکامات دئیے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ای بس اسٹاپ کا دورہ کر کے وہاں موجود طالبات سے ملاقات کی اور ان سے مسائل و فیڈ بیک سے متعلق گفتگو کی، جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں صفائی کے انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے موقع پر موجود شہریوں سے بھی رائے لی۔
ڈی سی نے مرکزی قبرستان کی بیرونی دیوار کی حالت فوری بہتر بنانے کے احکامات بھی جاری کیے اور ہدایت کی کہ شہر کی بیوٹیفکیشن اور ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام ممکنہ وسائل استعمال کیے جائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ "معیار میں کسی قسم کی گڑبڑ یا کام میں تاخیر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔”
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (سوشل سروسز) رانا محمد شعیب، چیف آفیسر ضلع کونسل ملک زاہد خلیل، اور ڈسٹرکٹ منیجر ستھرا پنجاب عثمان خورشید بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ موجود تھے۔

