واشنگٹن:امریکی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (FBI) کو تاریخ کے سب سے بڑے سائبر حملے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ معروف بین الاقوامی ہیکرزگروپ ’شائنی ہنٹرز‘ (ShinyHunters) نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایف بی آئی کی ویب سائٹ کو ہیک کر کے ہزاروں ملازمین، اسپیشل ایجنٹس اور نوکری کے لیے درخواست دینے والے افراد کا انتہائی حساس ڈیٹا چوری کر لیا ہے۔
شائنی ہنٹرز گروپ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ، "ہم نے ایف بی آئی کو ہیک کر لیا ہے؛ ہمارے پاس تمام ایف بی آئی ایجنٹس اور نوکری کے امیدواروں کا انتہائی حساس ڈیٹا موجود ہے، جس میں کرمنل جسٹس، ایچ آر اور میڈلنک جیسے سسٹمز کا ڈیٹا بھی شامل ہے۔”
رپورٹس کے مطابق ہیکرز کی جانب سے تقریباً 5 ہزار افراد کے ڈیٹا کا نمونہ میڈیا کو فراہم کیا گیا ہے، جس میں ایجنٹس کے نام، ان کے گھر کے پتے، فون نمبرز اور ان کے شریکِ حیات (Spouses) کی ذاتی معلومات بھی شامل ہیں۔ ہیکرز کا کہنا ہے کہ یہ سائبر حملہ ایف بی آئی کی جانب سے ان پر لگائے گئے "جھوٹے الزامات” کا بدلہ لینے کے لیے کیا گیا ہے۔
اس سیکیورٹی بریچ کے سامنے آنے کے بعد ایف بی آئی کے قومی پریس دفتر نے منگل کے روز باضابطہ بیان میں تصدیق کی ہے کہ وہ FBIjobs.gov کو متاثر کرنے والی غیر مجاز سرگرمی کے دعوؤں سے آگاہ ہیں اور اس کی ہنگامی بنیادوں پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
حالیہ صورتحال کے پیش نظر ایف بی آئی کی جاب پورٹل ویب سائٹ فی الحال بند کر دی گئی ہے اور اس پر "سسٹم دستیاب نہیں” (System Unavailable) کا بینر آویزاں ہے۔ اس معاملے سے باخبر ایک سیکیورٹی ذرائع نے امریکی میڈیا کو بتایا ہے کہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے اور تفتیشی ادارے اس ممکنہ سیکیورٹی بریچ کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔

