ممبئی: بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کی طبیعت خراب ہونے کے باعث ان کے مقبول ترین کوئز شو ’کون بنے گا کروڑ پتی 18‘ (KBC 18) کی شوٹنگ عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 84 سالہ اداکار کی طبیعت ناساز ہونے کے بعد پروڈکشن ٹیم نے انہیں آرام کرنے اور مکمل صحت یاب ہونے کے لیے کچھ وقت دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی وجہ سے شو کی ریکارڈنگ ایک ہفتے کے لیے ملتوی کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گھبرانے کی کوئی بات نہیں ہے اور موسم کی تبدیلی یا ہلکے فلو کی وجہ سے انہیں یہ وقفہ لینا پڑا۔
شوٹنگ کے عارضی طور پر رکنے کے باعث چینل کی جانب سے فی الحال شو کی پرانی اور ریپیٹ اقساط نشر کی جا رہی ہیں، جبکہ شو کے نئے اور تازہ ایپی سوڈز 16 نومبر سے دوبارہ ٹیلی ویژن پر نشر کیے جائیں گے۔ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ امیتابھ بچن کی صحت بہتر ہونے کے بعد اگلے ہفتے سے شوٹنگ کا سلسلہ دوبارہ بحال کر دیا جائے گا۔

