بھارتی عدالتِ عالیہ نے والد کی علالت اور ذاتی وجوہات کی بنیاد پر مجرم کی 7 روزہ عبوری پیرول منظور کر لی
احمد آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)
2002ء کے گجرات فسادات کے معروف اور دردناک بلقیس بانو کیس کے مرکزی مجرم رادھے شیام شاہ کو گجرات ہائی کورٹ نے 7 دنوں کے لیے پیرول پر رہائی کی منظوری دے دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مجرم رادھے شیام شاہ نے اپنے والد کی شدید علالت اور گھریلو مصروفیات کا حوالہ دیتے ہوئے عدالت عالیہ سے پیرول کی استدعا کی تھی۔ گجرات ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت کے بعد تمام پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے ملزم کو 7 روز کی عبوری پیرول پر رہا کرنے کا حکم جاری کیا۔
واضح رہے کہ رواں برس بھارتی سپریم کورٹ نے گجرات حکومت کی جانب سے بلقیس بانو کیس کے تمام 11 مجرموں کی قبل از وقت رہائی کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے تمام افراد کو دوبارہ جیل منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد ملزمان نے خود کو قانون کے حوالے کر دیا تھا۔
رادھے شیام شاہ اس سے قبل بھی گجرات حکومت کی پالیسی کے تحت قبل از وقت رہائی حاصل کرنے والے مجرموں میں شامل تھا۔ عدالت نے ہدایت کی ہے کہ پیرول کی مقررہ 7 روز کی مدت ختم ہوتے ہی مجرم کو بلا تاخیر دوبارہ متعلقہ جیل حکام کے سامنے سرینڈر کرنا ہوگا۔

