رام پور / لکھنؤ: سماجوادی پارٹی کی سینئر رہنما اور سابق رکنِ اسمبلی ڈائریکٹر تزمین فاطمہ نے اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے بیان پر سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا محمد علی جوہر تحریکِ آزادی کے ایک عظیم مجاہد تھے اور ان کی حب الوطنی پر سوال اٹھانے والوں کو پہلے تاریخ کا مطالعہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا محمد علی جوہر نے ملک کی آزادی اور ہندو مسلم اتحاد کے لیے تاریخی اور ناقابلِ فراموش خدمات سر انجام دی ہیں۔ انگلینڈ کی گول میز کانفرنس میں انہوں نے انگریز حکومت کے سامنے ڈٹ کر آزادی کا مطالبہ کیا تھا اور وہیں سے اپنے ملک کی مٹی میں دفن ہونے کی تمنا کا اظہار کیا تھا۔
تزمین فاطمہ نے مزید کہا کہ ایسے عظیم رہنما کی ذات اور خدمات پر سیاق و سباق سے ہٹ کر یا تعصب پر مبنی بیان بازی کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔ تاریخ کو مسخ کرنے کے بجائے موجودہ حکمرانوں کو تحریکِ آزادی کے سچے رہنماؤں کی قربانیوں کا احترام کرنا چاہیے۔

