-
نیلم کماری نے عوامی نمائندگی کا حق ادا کر دیا، سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر حوصلہ افزائی کی جائے، رسول بخش رحیمدانی
-
عمرکوٹ (نامہ نگار): عمرکوٹ جیسے پسماندہ ضلع سے تعلق رکھنے والی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اقلیتی رکنِ قومی اسمبلی (ایم این اے) نیلم کماری غریب، یتیم، بے سہارا اور محروم طبقات کے مسائل کے حل کے لیے دن رات سرگرمِ عمل ہیں۔ وہ نہ صرف عمرکوٹ بلکہ پورے تھرپارکر کی توانا آواز بن کر عوامی مسائل کو اعلیٰ حکومتی ایوانوں تک پہنچا رہی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار معروف سماجی شخصیت اور رحیمدانی کرکٹ اکیڈمی کے صدر رسول بخش رحیمدانی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیلم کماری کا تعلق عمرکوٹ سے ہونا پورے علاقے کے لیے باعثِ فخر ہے۔ وہ ان باعمل عوامی نمائندوں میں شامل ہیں جو خود شہریوں کے پاس جا کر ان کے مسائل سنتی اور حل کرتی ہیں، جو کہ ایک حقیقی رہنما کی پہچان ہے۔
رسول بخش رحیمدانی نے بتایا کہ نیلم کماری نے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور حمزہ شہباز سے ملاقاتوں کے دوران عمرکوٹ اور تھرپارکر کے بنیادی مسائل اٹھائے ہیں۔ انہوں نے عمرکوٹ میں خواتین کے لیے ویمن اسپورٹس کامپلیکس کے قیام اور رحیمدانی کرکٹ اکیڈمی کے لیے فنڈز سمیت دیگر عوامی منصوبوں کی طرف بھی اعلیٰ قیادت کی توجہ مبذول کرائی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم این اے نیلم کماری نے پینے کے پانی کی شدید قلت والے علاقوں میں پمپس کی فراہمی، کچے راستوں و سڑکوں کی تعمیر، بجلی سے محروم آبادیوں اور اقلیتی برادری کے مندروں و قبرستانوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی کوششیں کی ہیں۔
رسول بخش رحیمدانی نے کہا کہ عمرکوٹ کے عوام کا پرزور مطالبہ ہے کہ نیلم کماری کی بہترین عوامی خدمات کو دیکھتے ہوئے انہیں وفاقی سطح پر مزید اہم ذمہ داری سونپی جائے۔ انہیں وفاقی کابینہ میں وزارت یا وزیراعظم کی مشیر کا عہدہ دیا جائے تاکہ وہ عمرکوٹ، تھرپارکر اور پورے سندھ کے مسائل کو مزید مؤثر انداز میں حل کرا سکیں۔
نیلم کماری کو وفاقی کابینہ میں شامل یا وزیراعظم کی مشیر مقرر کیا جائے، اہلِ عمرکوٹ کا مطالبہ

