لاہور:حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کردیا ہے، جس کے تحت عوامی مقاماتی یا شاہراہوں پر اجتماعات، جلوس یا دھرنوں پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ کے تحت عوامی مقامات، شاہراہوں یا کھلی جگہ پر 5 یا زائد افراد کے اجتماع، جلوس یا اکٹھے ہونے پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیار لے جانے اور ان کی نمائش پر بھی مکمل پابندی ہوگی، غیر قانونی اجتماعات میں لوگوں کو شرکت کے لیے اکسانے یا ترغیب دینے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔
مزید بتایا گای کہ پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، نماز جنازہ، تدفین، مساجد و دیگر عبادت گاہوں پر نہیں ہوگا، اسی طرح عدالتیں، حکومتی ادارے اور باضابطہ اجازت سے ہونے والی تقریبات پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پابندی کا اطلاق ڈیوٹی پر تعینات قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلیجنس ایجنسیوں اور سیکیورٹی اہلکاروں پر نہیں ہوگا۔

