صفائی کے انتظامات اور سُتھرا پنجاب ایجنسی کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کی
سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
صوبائی وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے ڈسکہ کا دورہ کیا اور سُتھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے انتظامات اور سُتھرا پنجاب ایجنسی کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی فوکل پرسن برائے سُتھرا پنجاب عاصم محمودکے ہمراہ صدارت کی۔چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ڈسکہ یاسر گیلانی، افضل منشاء ، داؤد بخاری اور ایکسیئن محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ رانا ابراربھی شریک تھے
اجلاس میں سُتھرا پنجاب پروگرام کے تحت ڈسکہ میں صفائی کی صورت حال، بیٹ پلان پر عملدرآمد، صفائی عملہ کی کارکردگی، مکینیکل سویپنگ، کچرے کی بروقت منتقلی اور شہری علاقوں میں صفائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے صوبائی وزیر کو صفائی کے حوالے سے جاری اقدامات اور کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔
ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ سُتھرا پنجاب کے بیٹ پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور صفائی کے عملہ کی حاضری اور کارکردگی کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صفائی کے معاملات میں غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، کوتاہی کی صورت میں پہلے وارننگ جاری کی جائے گی جبکہ مسلسل ناقص کارکردگی پر برطرفی سمیت محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صفائی کے اہداف کے حصول کے حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور سُتھرا پنجاب عوامی فلاح کا ایک اہم پروگرام ہے، جس کے ثمرات ہر شہری تک پہنچانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔انھوں نے نے کہا کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور اہلکار ہمارے لئے اہمیت رکھتے ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، تاہم فرائض میں سستی، غفلت اور غیر ذمہ داری کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں موجود رہ کر صفائی کے انتظامات کی نگرانی کریں اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انھوں نے کہا کہ سموگ سیزن کی آمد کے پیش نظر صفائی کے دوران سڑکوں پر گرد و غبار اڑانے سے ہر صورت گریز کیا جائے۔ سڑکوں کی صفائی کے لیے مکینیکل سویپنگ اور دیگر ماحول دوست طریقہ کار کو ترجیح دی جائے تاکہ فضائی آلودگی میں اضافے کی روک تھام میں مدد مل سکے۔
انہوں نے محکمہ ماحولیات کی جانب سے سموگ کے تدارک کے لیے جاری کردہ ہدایات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سموگ ایک مشترکہ چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے بلدیاتی اداروں، محکمہ ماحولیات، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کو باہمی رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔


