لندن :برطانیہ کے ایئر ٹریفک کنٹرول کے ادارے کے مطابق ایک ’تکنیکی خرابی‘ کے باعث برطانیہ کے ہوائی اڈوں سے آنے اور جانے والی 400 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جس سے مسافروں کو ایک بار پھر شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
طیاروں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق شام 5 بجے (1600 جی ایم ٹی) تک اس تکنیکی مسئلے کے باعث برطانوی ہوائی اڈوں سے آنے اور جانے والی مجموعی طور پر 425 پروازیں منسوخ کی جا چکی تھیں۔
برطانیہ کے نیشنل ایئر ٹریفک سروسز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ ’ہم نے خرابی دور کرنے کے لیے ایک حل نافذ کر دیا ہے اور ہمارا فلائٹ سسٹم بحال ہونا شروع ہو گیا ہے۔‘
برطانیہ کے سب سے بڑے اور مصروف ترین ہوائی اڈے ہیتھرو ایئرپورٹ نے تصدیق کی کہ وہ بھی منگل کو اس نئی خرابی سے متاثر ہونے والے ہوائی اڈوں میں شامل ہے۔ برطانوی دارالحکومت کے جنوب میں واقع گیٹ وِک ایئرپورٹ بھی متاثر ہوا۔
لیورپول، برمنگھم اور ایڈنبرا کے ہوائی اڈے بھی متاثر ہوئے، جبکہ آئرلینڈ کے ڈبلن ایئرپورٹ نے کہا کہ اس نے درجنوں پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔
برطانوی وزیرِ ٹرانسپورٹ ہیڈی الیگزینڈر نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ’مجھے معلوم ہے کہ ہیتھرو اور گیٹ وِک سمیت کئی ہوائی اڈوں کی پروازیں ایک تکنیکی مسئلے سے متاثر ہوئی ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ٹیکنیشنز نے مسئلے کی نشاندہی کر لی ہے اور وہ اس وقت اسے درست کر رہے ہیں۔‘
” مسافر دربدر“ برطانیہ میں 400 سے زائد پروازیں منسوخ کیوں ہوئیں ؟

