لاہور:صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب کے صحت کے شعبے کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے، اور اس سلسلے میں چین کے معروف طبی اداروں کے ساتھ اہم اشتراک عمل طے پا گیا ہے۔
لاہور میں ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ ووہان یونیورسٹی، تائی پنگ ہیلتھ اور دیگر چینی اداروں نے پنجاب میں ہیلتھ انشورنس کے شعبے میں سرمایہ کاری اور تعاون پر مکمل اتفاق کیا ہے، جس سے صوبے کے انشورنس سیکٹر میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ پروفیسر چن کی سربراہی میں چینی ہیلتھ انشورنس کے ایک اعلیٰ سطح وفد نے پنجاب کے ہیلتھ سیکٹر میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور اب صوبے میں چینی تجربات و جدید مہارت سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔
وزیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ طبی تحقیق اور تربیت کے فروغ کے لیے ‘چین پاکستان مشترکہ نیورو سرجری تربیتی و طبی سیاحت مرکز ووہان’ قائم کر دیا گیا ہے، جس کا بنیادی مقصد پاکستانی ڈاکٹرز کی جدید تربیت اور طبی مہارت کے تبادلے کے مواقع بڑھانا ہے۔ اس شراکت داری میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز، ژونگ نان ہسپتال ووہان اور سی پی ایم اے (CPMA) اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ‘پنجاب ہیلتھ کنیکٹ پروگرام’ کے ذریعے عالمی طبی ماہرین کو مقامی اداروں سے جوڑا جا رہا ہے تاکہ چین سے جدید طبی ٹیکنالوجی اور انسانی وسائل کی بہترین تربیت پنجاب منتقل ہو سکے۔
پنجاب کا صحت کا شعبہ عالمی معیار کے مطابق ڈھال رہے ہیں: چینی اداروں کا ہیلتھ انشورنس اور نیورو سرجری میں تعاون کا اعلان

