سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے برگیڈیئر عاصم عزیز کیانی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد کے ہمراہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ضلع بھر میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن، غیر قانونی منی پٹرول پمپس و ایل پی جی ڈی کینٹنگ، امن و امان کی صورتحال، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور دیگر اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن مستقل بنیادوں پر جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نالوں اور برساتی پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات، بالخصوص گھروں اور دکانوں کے باہر تعمیر شدہ تھڑوں کو ہٹانے کے لئے بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی منی پٹرول پمپس اور ایل پی جی کی غیر قانونی ڈی کینٹنگ کے خلاف بھی بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سول ڈیفنس کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنرز بھی اپنے اپنے علاقوں میں کارروائیاں کر رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ سول ڈیفنس کو ہدایت کی کہ تحصیل کی سطح پر کارروائیوں کو مزید مؤثر، مربوط اور فیصلہ کن بنایا جائے۔
اجلاس میں بھکاریوں کے منظم نیٹ ورکس کے خلاف جاری کارروائیوں کو سراہا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ کے دوران بھکاریوں کے نیٹ ورک چلانے والے افراد کے خلاف 11 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بھکاریوں کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں ضلع میں ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد اور شہریوں میں ٹریفک شعور اجاگر کرنے کے لئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس حوالے سے ڈی ایس پی ٹریفک کو ہدایت کی گئی کہ ٹریفک قوانین اور ہیلمٹ کے استعمال سے متعلق آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے اور تعلیمی اداروں میں جا کر طلبہ کو ہیلمٹ کی اہمیت، ٹریفک قوانین کی پابندی اور محفوظ ڈرائیونگ کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ قانون کی عملداری، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ضلعی انتظامی امور میں بہتری کے لیے مربوط اقدامات کو مزید تیز کیا جائے۔

