چکوال مہتاب نصیر اعوان سے
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ چکوال نے محکمہ تحفظِ اراضیات میں مبینہ طور پر رشوت ستانی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے فیلڈ اسسٹنٹ محمد جاوید کو 10 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے مبینہ طور پر رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق کارروائی اینٹی کرپشن حکام کو موصول ہونے والی شکایت پر عمل میں لائی گئی، جہاں فیلڈ اسسٹنٹ محمد جاوید پر الزام تھا کہ وہ سرکاری کام کی انجام دہی کے عوض سائل سے رشوت طلب کر رہا تھا۔
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ چکوال کی ٹیم نے مبینہ طور پر منصوبہ بندی کے تحت کارروائی کرتے ہوئے محمد جاوید کو 10 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے گرفتار کیا اور رقم بھی برآمد کر لی۔
حکام کے مطابق ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری محکموں میں بدعنوانی اور رشوت ستانی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ رشوت طلب کرنے یا وصول کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

