لاس اینجلس:عالمی شہرت یافتہ پنک راک بینڈ ‘گرین ڈے’ (Green Day) کی ابتدائی موسیقی کی زندگی پر مبنی ایک کمنگ آف ایج (coming-of-age) کامیڈی فلم ‘نمرودز’ (Nimrods) نمائش کے لئے پیش کردی گئی ۔
لی کرک (Lee Kirk) کی تحریر اور ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں تین ایسے نوجوانوں کی کہانی دکھائی گئی ہے جو موسیقی کی دنیا میں اپنا نام کمانے کا خواب دیکھتے ہیں۔ بینڈ کے اراکین کا کہنا ہے کہ یہ کہانی بڑی حد تک ان کے اپنے ابتدائی دور کے سفر کی عکاسی کرتی ہے۔
بینڈ کے لیڈ گلوکار بلی جو آرمسٹرانگ (Billie Joe Armstrong) کا کہنا ہے کہ "ہماری زندگی کا سب سے پہلا خواب ایک شو (گگ) میں پرفارم کرنا تھا، اور جب ہمیں موقع ملا تو ہم نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔”
فلم کے مرکزی کردار ‘ٹومی’ (جس کا کردار میسن ٹیمز نے نبھایا ہے) کا خواب ہے کہ وہ گرین ڈے کے سامنے اپنا ڈیمو ٹیپ پیش کر کے ان کے شو میں پرفارم کرے۔ اس کے بعد وہ اپنے دوستوں کے ساتھ کینساس سے لاس اینجلس تک کا ایک طویل اور یادگار روڈ ٹرپ شروع کرتے ہیں۔
ڈرمر ٹری کول (Tre Cool) نے بتایا کہ جب وہ خود اپنے ابتدائی دور میں سفر کرتے تھے تو انہیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ حسین لمحات آگے چل کر کسی فلم کا شاندار حصہ بن جائیں گے۔ جبکہ باسسٹ مائیک ڈیرنٹ (Mike Dirnt) کے مطابق اس فلم کا مقصد جوانی کے جذبے اور اصل راک اینڈ رول کی روح کو پروان چڑھانا ہے۔
گروپ کے ارکان کا ماننا ہے کہ اس فلم کو دیکھنے کے لیے کسی کا ‘گرین ڈے’ کا مداح ہونا ضروری نہیں ہے، بلکہ فلم دیکھنے کے بعد لوگ خود بخود اس بینڈ کی موسیقی کو پسند کرنے لگیں گے۔
لائیو نیشن سٹوڈیوز کے زیرِ اہتمام بننے والی یہ فلم 14 اگست کو امریکی سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جا چکی ہے۔ واضح رہے کہ 1994ء میں اپنے البم ‘ڈوکی’ (Dookie) سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والا یہ بینڈ ‘باسکیٹ کیس’ اور ‘امریکن ایڈیٹ’ جیسے لازوال گانوں کے لیے دنیا بھر میں جانا جاتا ہے اور اب تک چار گریمی ایوارڈز بھی اپنے نام کر چکا ہے۔
پنک راک بینڈ ’گرین ڈے‘ کی یادوں پر مبنی فلم ’نمرودز‘ نمائش کیلئے پیش

