کیلیفورنیا: اٹلی کی مشہور لگژری کار ساز کمپنی ’فیراری‘ کی پہلی الیکٹرک کار نے تاریخ رقم کر دی ہے۔
معروف برطانوی آئی فون ڈیزائنر سر جونی آئیو کے تخیل کا شاہکار ’فیراری لوسی‘ (Ferrari Luce) کیلیفورنیا میں آر ایم سوٹبی (RM Sotheby’s) کے زیراہتمام ہونے والی ایک خیراتی نیلامی میں ریکارڈ 4 کروڑ ڈالر (تقریباً 29.5 ملین برطانوی پاؤنڈز) میں فروخت ہو گئی ہے۔ یہ کسی بھی نئی گاڑی کی نیلامی کی تاریخ میں فروخت کی جانے والی اب تک کی سب سے بلند ترین قیمت ہے۔
اس کسٹم ڈیزائن، سفید رنگ، خصوصی پہیوں اور کسٹم بریکس والی منفرد گاڑی کی فروخت سے حاصل ہونے والی تمام رقم فیراری فاؤنڈیشن کے تعلیمی پروگراموں کے لیے عطیہ کر دی جائے گی، جبکہ خریدار کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔ یہ تاریخی فروخت کار کی عام مارکیٹ قیمت سے تقریباً 35 گنا زیادہ پر ہوئی ہے۔
جب مئی میں اس الیکٹرک فیراری ’لوسی‘ کو متعارف کرایا گیا تھا تو اسے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ناقدین کا کہنا تھا کہ بیٹری پر چلنے والی اور پانچ نشستوں والی یہ گاڑی فیراری کے روایتی ڈیزائن اور برانڈ کی شناخت سے ہٹ کر ہے۔ اٹلی کے نائب وزیراعظم ماتیو سالوینی اور سابق فیراری چیئرمین لوکا کورڈیریو ڈی مونٹیزیمولو نے بھی تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کار نے "ایک لیجنڈ کو تباہ کرنے کا خطرہ مول لیا ہے۔”
تاہم، فیراری کے چیف ڈیزائن افسر فلاویو مانزونی نے اس وقت کہا تھا کہ تنقید (innovation) کے عمل کا حصہ ہے اور لوگ اس کے عادی ہو جائیں گے۔ اب فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، چین سمیت دیگر ممالک میں زبردست ڈیمانڈ کی بدولت کمپنی نے اس سال کا اپنا سیلز ہدف کامیابی سے حاصل کر لیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 2025 میں ایک کسٹم فیراری ڈے ٹوناایس پی تھری (Daytona SP3) نے تعلیمی اقدامات کے لیے 2 کروڑ 60 لاکھ ڈالر حاصل کر کے ریکارڈ بنایا تھا، جسے اب نئی الیکٹرک ’لوسی‘ نے بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ تاہم اب تک کی کسی بھی گاڑی کی مجموعی نیلامی کا تاریخی ریکارڈ ایک انتہائی نایاب 1955 کی مرسڈیز بینز 300 ایس ایل آر کُو پے (Mercedes-Benz 300 SLR Uhlenhaut Coupé) کے پاس ہے جو 2022 میں 142 ملین ڈالر میں فروخت ہوئی تھی۔


