صنعا: یمن میں حوثی باغیوں کی جانب سے کیے جانے والے شدید میزائل حملوں کے نتیجے میں اہم ترین ’المخا بندرگاہ‘ کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے بعد بندرگاہ پر تمام بحری اور تجارتی آپریشنز غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیے گئے ہیں۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، بندرگاہ کے ڈائریکٹر نے انکشاف کیا ہے کہ حوثیوں نے حالیہ پرتشدد کارروائیوں میں اس بندرگاہ کو 25 سے زائد میزائلوں کا نشانہ بنایا۔ ان اندھا دھند حملوں کے نتیجے میں 7 افراد لقمہ اجل بن گئے، جبکہ بندرگاہ کے انفراسٹرکچر کو تقریباً 16 ملین ڈالر کا بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
الجمہوریہ ٹی وی کی جانب سے نشر کی جانے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملے کی جگہ پر کئی چھوٹی کشتیاں جل کر خاکستر ہو چکی ہیں، اور بندرگاہ کے مختلف حصے شدید تباہی کا شکار ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، حوثی باغیوں نے گزشتہ روز اکیلے ہی اس بندرگاہ پر 6 بیلسٹک میزائل داغے تھے۔
مدير ميناء المخا يعلن تعليق عمليات الميناء بعد استهدافه بـ25 صاروخا حوثيا.. والجيش اليمني يؤكد تعمد الميليشيا استهداف مصالح اليمن ومقدراته https://t.co/SQdNoPDTEB pic.twitter.com/K5pss1xXPY
— قناة الإخبارية (@alekhbariyatv) August 16, 2026
یمن کے مغربی ساحل پر واقع المخا بندرگاہ ملک کی اہم ترین تجارتی شریانوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے بڑے پیمانے پر درآمدی اور برآمدی سرگرمیاں انجام دی جاتی ہیں۔ اس اہم بندرگاہ کی بندش کے بعد سے خطے میں تجارتی بحران اور معاشی مشکلات مزید گہرے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

