واشنگٹن: دنیا کے امیر ترین شخصیات میں شمار ہونے والے امریکی ارب پتی بل گیٹس کی 23 سالہ بیٹی فیبی گیٹس کی ڈیجیٹل شاپنگ سٹارٹ اپ کمپنی "فیا” (Phia) ایک بڑے قانونی اور مالی اسکینڈل کی زد میں آ گئی ہے۔
کمپنی پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے لاکھوں صارفین کی آن لائن خریداریوں کا غلط کریڈٹ حاصل کرنے کے لیے "کوکی سٹفنگ” (Cookie Stuffing) جیسے غیر قانونی حربے استعمال کیے، جس پر ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس نوعیت کی سنگین جعلسازی کے تحت فیڈرل جیل میں 20 سال تک کی قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
فیبی گیٹس نے یہ سٹارٹ اپ سٹینفورڈ یونیورسٹی کی اپنی ساتھی صوفیا کیانی کے ساتھ مل کر شروع کیا تھا، جو صارفین کو براؤزر ایکسٹینشن اور ڈسکاؤنٹ کوپن فراہم کرتا ہے۔ اس پلیٹ فارم نے 2025 میں ہائلی بیبر اور کرس جینر جیسے معروف سرمایہ کاروں سے تقریباً 30 ملین ڈالر کی فنڈنگ بھی حاصل کی تھی۔
تاہم، بلومبرگ کی رپورٹس اور اندرونی سلیک (Slack) پیغامات سے انکشاف ہوا ہے کہ فیا کمپنی نے دسمبر سے نائکی، گیپ اور نورڈسٹروم جیسے بڑے ای کامرس برانڈز پر یہ غیر قانونی طریقہ کار اپنا رکھا تھا۔ کمپنی کے سافٹ ویئر اس وقت بھی صارفین کے براؤزرز میں ٹریکنگ "کوکیز” پلانٹ کر دیتے تھے جب صارف فیا کا فراہم کردہ کوئی کوپن استعمال نہیں بھی کرتے تھے، جس کے ذریعے کمپنی نے ان سیلز کا کمیشن بھی اپنے نام کر لیا جن کی کامیابی میں اس کا کوئی کردار نہیں تھا۔
اس جعلسازی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جون کے مہینے میں فیا کی کل کامیابی کا 51 فیصد حصہ اسی غیر قانونی "کوکی سٹفنگ” کے ذریعے حاصل کردہ سیلز پر مشتمل تھا۔ جولائی میں اس فیچر کے معطل ہونے کے بعد کمپنی کی اوسط روزانہ آمدنی جو کہ 80 ہزار ڈالر ہوا کرتی تھی، اچانک گر کر صرف 10 ہزار سے 28 ہزار ڈالر کے درمیان رہ گئی۔
ابتدائی طور پر جولائی میں اس معاملے کے سامنے آنے پر کمپنی نے شدید صدمے کا اظہار کیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ اسے اس خرابی کا علم حال ہی میں ہوا ہے۔ فیا کے ترجمان نے ‘نیویارک پوسٹ’ کو بتایا ہے کہ غلط طریقے سے سیلز منسوب کرنے والی ان خصوصیات کو 7 جولائی کو ہی ہٹا دیا گیا تھا، اور اب وہ تمام تجارتی شراکت داروں کو ان کا کمیشن واپس کرنے اور اضافی معاملات کو منسوخ کرنے کا عمل شروع کر چکے ہیں۔
دوسری جانب، قانون دانوں بالخصوص Givner Law کی بانی ایریل گیفنر نے اس عمل کو سنگین قانونی جرم قرار دیتے ہوئے سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے، جس نے بل گیٹس اور ان کی بیٹی کے لیے شدید مشکلات پیدا کر دی ہیں۔
امیر ترین آدمی بل گیٹس کی بیٹی فیبی گیٹس "کوکی سٹفنگ” میں ملوث نکلی! کتنی سزا ہوسکتی ہے؟

