کراچی :پاکستانی میوزک ریئلٹی شو ’پاکستان آئیڈل‘ کے دوسرے سیزن کے فائنل کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے جبکہ معروف گلوکار عاطف اسلم بھی فائنل میں خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔
پاکستان آئیڈل کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری اعلان کے مطابق پاکستان آئیڈل سوپر فائنل 23 اگست، اتوار کو رات 8 بجے پیش کیا جائے گا۔
شو کے فائنل کو مزید خاص بنانے کے لیے گلوکار عاطف اسلم کو ’سوپر آئیکون‘ کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
سوپر کی جانب سے جاری پوسٹ میں بھی عاطف اسلم کو فائنل کی خصوصی شخصیت قرار دیتے ہوئے 23 اگست کو رات 8 بجے فائنل پیش کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
پاکستان آئیڈل کے آفیشل اکاؤنٹ کی ایک اور ویڈیو میں بھی عاطف اسلم کی فائنل میں شمولیت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ وہ ’سوپر فائنل‘ کا حصہ ہوں گے۔
فائنل کی تاریخ سامنے آنے کے بعد شو کے مداحوں میں بھی ایک بار پھر جوش پیدا ہوگیا ہے، جبکہ عاطف اسلم کی شمولیت نے فائنل کے لیے شائقین کی دلچسپی مزید بڑھا دی ہے۔
’پاکستان آئیڈل‘ عالمی میوزک ریئلٹی شو ’آئیڈل‘ فرنچائز کا پاکستانی ورژن ہے۔ اس کا پہلا سیزن 2013 میں نشر کیا گیا تھا، جس کے بعد کئی برس کے وقفے سے شو کا دوسرا سیزن پیش کیا گیا۔
دوسرے سیزن میں معروف گلوکاروں اور فنکاروں نے بطور ججز شرکت کی، جبکہ ملک بھر سے گلوکاروں نے اس میوزک مقابلے میں حصہ لیا۔
پاکستان آئیڈل سیزن 2.0 کے فائنل کی حتمی تاریخ جاری، مہمان خصوصی کون ہوگا؟

