خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)
اٹارنی جنرل آف پاکستان ملک منصور عثمان اعوان نے اپنا پورا دن ضلع خوشاب کے ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹس میں زیرِ تربیت نوجوانوں کے نام کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور ان کی فنی صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے نوشہرہ میں اپنے خصوصی انیشیٹو کے تحت ایڈوانس آرٹیفیشل انٹیلی جنس کورس مکمل کرنے والے پاس آؤٹ طلبہ سے ملاقات کی، ان کے تیار کردہ پراجیکٹس کا مشاہدہ کیا اور ان کی صلاحیتوں کو دل کھول کر سراہا۔بعد ازاں اٹارنی جنرل ملک منصور عثمان اعوان نے جوہرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نورپور تھل، قائدآباد اور خوشاب سے تعلق رکھنے والے زیرِ تربیت طلبہ سے ملاقات کی اور ان کے مختلف پراجیکٹس کا جائزہ لیتے ہوئے نوجوانوں کی محنت، تخلیقی صلاحیتوں اور فنی مہارت کو سراہا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ملک منصور عثمان اعوان نے بیٹیوں کی تعلیم اور فنی تربیت پر خصوصی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو ہنر مند، بااختیار اور معاشی طور پر خودمختار بنانا معاشرے کی پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ فنی و تکنیکی تربیت فراہم کرکے نہ صرف روزگار کے بہتر مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں بلکہ انہیں باعزت اور خودمختار زندگی گزارنے کے قابل بھی بنایا جا سکتا ہے۔
اٹارنی جنرل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وادیٔ سون سے تھل کے آخری کونے تک ضلع خوشاب کے نوجوانوں کو معیاری فنی و تکنیکی تربیت کے بہترین مواقع فراہم کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل کو نوجوانوں کی بہترین تربیت، جدید ہنر سے آراستہ کرنے اور انہیں مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانے کے لیے بروئے کار لایا جائے گا۔دریں اثناء ضلع خوشاب کے عوامی، سماجی اور تعلیمی حلقوں نے اٹارنی جنرل آف پاکستان ملک منصور عثمان اعوان کی جانب سے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی، ان کی صلاحیتوں کو سراہنے اور ان کے بہتر مستقبل کے لیے اپنا قیمتی وقت دینے کو قابلِ تحسین اقدام قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات نوجوانوں، بالخصوص ہماری بیٹیوں میں آگے بڑھنے، خودمختار بننے اور اپنے مستقبل کو روشن بنانے کے عزم کو تقویت دیتے ہیں۔عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی کہ نوجوانوں کو جدید فنی تعلیم اور عملی تربیت کی فراہمی کا یہ سلسلہ مزید وسعت اختیار کرے گا اور ضلع خوشاب کے باصلاحیت نوجوان ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔


