سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے برگیڈیئر عاصم عزیز کیانی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) دوست محمد کے ہمراہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی ہوم ڈیپارٹمنٹ کے اجلاس کی صدارت کی جس میں ضلع بھر میں انتظامی امور، امن و امان اور انسدادِ جرائم سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افیسران نے غیر قانونی منی پٹرول پمپس اور ایل پی جی اسٹیشنز کے خلاف جاری کریک ڈاؤن، تجاوزات کے خاتمے، پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائی، امن و امان کی مجموعی صورتحال، محکموں کے باہمی رابطوں اور دیگر اہم انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمےباہمی رابطے، پیشہ ورانہ ہم آہنگی اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی سرگرمیوں، تجاوزات، غیر مجاز پٹرول پمپس، ایل پی جی اسٹیشنز اور پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ قانون کی مکمل عملداری یقینی بنائی جا سکے۔انھوں نے کہا کہ درست اور بروقت معلومات کے تبادلے سے محکموں کے درمیان روابط مزید مستحکم ہو سکتے ہیں اور اس سے کارکردگی میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے اور ٹارگٹس کے حصول میں آسانی ہو سکتی ہے۔
ڈی پی او کیپٹن (ر) دوست محمد نے اجلاس کو پولیس کی پیشہ ورانہ کارروائیوں، انسدادِ جرائم کی حکمت عملی اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اجلاس کے اختتام پر متعلقہ محکموں کو طے شدہ اہداف کے مطابق کارروائیوں میں مزید تیزی لانے اور بین الادارہ تعاون کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
قبل ازیں وزیر اعلی مریم نواز شریف کے کلین اینڈ گرین پنجاب اور پلانٹ فار پاکستان وژن کے ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے خواجہ صفدر روڈ پر پودے لگا کر مون سون شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ایجنسی نالہ بھیڈ کے کنارے 10 فٹ بلند دیسی درخت ڈریک، بکائن، شہتوت اور سواجنا لگائے جائیں گے تاکہ شہر کو مزید سرسبز، خوبصورت اور ماحول دوست بنایا جا سکے۔ڈائریکٹر پی ایچ اے شاہد عباس جوتہ ، میاں اعجاز انجم سمیت دیگر متعلقہ افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

