نواب شاہ (نمائندہ بے نقاب نیوز، نفیس آرائیں)
کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن شہمیر خان بھٹو کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس کے دربار ہال میں مون سون بارشوں اور ممکنہ دریائی سیلاب سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نکاسیٔ آب، برساتی نالوں کی صفائی، ڈی واٹرنگ مشینری، ریسکیو و ریلیف، طبی سہولیات، بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور حساس علاقوں کی نگرانی سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمشنر شہمیر خان بھٹو نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے پیشِ نظر مکمل الرٹ رہتے ہوئے مشینری، عملہ اور ضروری وسائل ہر وقت تیار رکھے جائیں۔ انہوں نے نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی فوری نکاسی، برساتی نالوں کی صفائی، قدرتی گزرگاہوں کی بحالی اور عوام کو بروقت ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا، جبکہ حیسکو اور سیپکو حکام کو ڈسپوزل اور واٹر سپلائی اسکیموں کے لیے بجلی کی بلا تعطل فراہمی برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ٹو سید عمار حسین، ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی، ڈپٹی کمشنر سانگھڑ سارہ جاوید، ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز محمد ارسلان سلیم، ڈائریکٹر اطلاعات محمد موسیٰ گوندل، میئر میونسپل کارپوریشن نواب شاہ قاضی محمد رشید بھٹی، ٹاؤن چیئرمین ایچ ایم خواجہ سید عاطف حسین زیدی، ٹاؤن چیئرمین اولڈ نواب شاہ محمد حیات کاکیپوٹو، چیئرمین ضلع کونسل نوشہرو فیروز سہیل اختر عباسی، بلدیاتی اداروں، ایل بی او ڈی، محکمہ آبپاشی، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، پی پی ایچ آئی، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے اختتام پر کمشنر نے تمام اداروں کو باہمی رابطے اور مؤثر حکمتِ عملی کے ذریعے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

