حیدرآباد رپورٹ: دلدار علی بلال
حیدرآباد کے ٹاؤن نیرون کوٹ کی یونین کونسل نمبر 5 میں واقع بھینس (مویشی) کالونی میں مردہ جانوروں کو سڑکوں اور مین روڈ کے کنارے پھینکنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس کے باعث علاقے میں شدید تعفن، ماحولیاتی آلودگی اور وبائی امراض پھیلنے کے خدشات میں اضافہ ہوگیا ہے۔علاقہ مکینوں کے مطابق باڑہ مالکان کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر بھینسوں، گائیوں اور دیگر بڑے جانوروں کی لاشیں کھلے عام سڑکوں کے کنارے چھوڑ دی جاتی ہیں، جس سے نہ صرف آمدورفت متاثر ہو رہی ہے بلکہ شہریوں کو شدید بدبو اور غیر صحت بخش ماحول کا بھی سامنا ہے۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کی عدم توجہی کے باعث یہ مسئلہ سنگین صورت اختیار کر چکا ہے، جبکہ گندگی اور تعفن کے باعث مختلف وبائی بیماریوں کے پھیلنے کا بھی خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔علاقہ مکینوں نے چیئرمین ٹاؤن نیرون کوٹ منٹھار جتوئی، چیئرمین و وائس چیئرمین یو سی نمبر 5 اور متعلقہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مردہ جانوروں کو سڑکوں پر پھینکنے کا سلسلہ بند کرایا جائے، ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں

