سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو):
اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سعدیہ جعفر کی نگرانی میں شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا جس کے دوران 48 عارضی تجاوزات کو موقع سے ختم کر کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 87,000 روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران 13 افراد کو سخت وارننگز جاری کی گئیں۔ یہ کارروائی وزیر آباد روڈ، بنگلہ چوک، اولڈ کچہری روڈ، فوارہ چوک، سمبڑیال روڈ اور سرکلر روڈ پر عمل میں لائی گئی تاکہ شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا جا سکے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈسکا سعدیہ جعفر نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی کو خراب کرنے اور سڑکوں پر غیر قانونی طور پر قابض ہونے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے دکانداروں کو سخت تنبیہ کی کہ وہ سامان اپنی دکان کی حدود میں رکھیں ورنہ آئندہ بھی بلاامتیاز کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔

