سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) نعیم بشیر نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی ہدایت پر پرائس مجسٹریٹس کی ہر ہفتے کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور 25 جون سے یکم جولائی تک مجموعی طور گرانفروشوں پر چھ لاکھ اور 96 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔یہ بات انہوں نے پرائس مجسٹریٹس کے ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ضلع کے 36 پرائس مجسٹریٹس موجود تھے جنکی انفرادی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) نعیم بشیر نے کہا کہ گرانفروشی کے خلاف کارروائیوں کو مزید سخت کیا جائے اور شہری کسی بھی گرانفروشی کی شکایت ضلعی کنٹرول روم پر 1718 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال ہے اور ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی تمام درج شکایات پر ذاتی طور پیش رفت کا جائزہ لیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ جرمانہ اشیائے خوردونوش پر گرانفروشی کرنے والوں کیا گیا یے جو کہ پانچ لاکھ 51 ہزار روپے ہے جبکہ روٹی پر زائد نرخ وصول کرنے نان بائیوں پر ایک لاکھ 29 ہزار روپے اور ڈبل روٹی پر زائد نرخ وصول کرنے پر 16 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

