لاہور :سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں مجالس اور جلوسوں کے روٹس کی سکیورٹی کو مزید سخت بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کے دوران ڈی آئی جی آپریشنز نے مجالس، جلوسوں کے روٹس اور شورٹی بانڈز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ سی سی پی او نے ہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹس پر واقع عمارتوں کے مالکان سے لیے گئے شورٹی بانڈز پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔حکومتی ایس او پیز کی روشنی میں سکیورٹی پلان کو مکمل کیا جائے۔امن کمیٹی، منتظمین اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے اور ان کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے۔
جبکہ محرم سے قبل سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کے ذریعے قانون شکن عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے۔
بعد ازاں سی سی پی او لاہور نے اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژن کی کارکردگی پر الگ سے اجلاس منعقد کیا، جس میں کرائم کنٹرول اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
بلال صدیق کمیانہ نے منشیات کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آئس اور ہیروئن سمیت تمام ماڈرن نشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ انہوں نے پولیس افسران کو واضح تنبیہ کی کہ کسی بھی بے گناہ شہری کی گرفتاری برداشت نہیں کی جائے گی، خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی۔شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے ایس ڈی پی اوز خود نگرانی کریں اور سپلمنٹری چالان بروقت عدالتوں میں جمع کروائیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس سافٹ ویئرز کا مؤثر استعمال کرتے ہوئے ‘پرو ایکٹیو پولیسنگ’ کے ذریعے جرائم پیشہ افراد کا قلع قمع کیا جائے۔
سی سی پی او نے کہا کہ لاہور پولیس کا مقصد معاشرے میں امن و امان کا قیام اور شہریوں کا تحفظ ہے، جس کے لیے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

