نواب شاہ (رپورٹ: نفیس آرائیں)
سنگین مقدمہ قتل میں ملوث مجرم کو عمر قید اور بھاری جرمانے کی سزا، ایس ایس پی شہید بینظیر آباد کی خصوصی ہدایات پر مضبوط تفتیش اور مؤثر پیروی رنگ لے آئی۔
فاضل عدالتِ فرسٹ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شہید بینظیر آباد نے تھانہ پبجو کی حدود میں پیش آنے والے قتل کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر ملزم زاہد لغاری کو عمر قید اور بھاری جرمانے کی سزا کا حکم صادر کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی شہید بینظیر آباد سمیر نور چنہ کی خصوصی ہدایات اور گہری نگرانی میں تھانہ پبجو کے مقدمہ الزام نمبر 03/2022 زیر دفعہ 302، 311 تعزیراتِ پاکستان کی نہایت پیشہ ورانہ انداز میں تفتیش اور پیروی کی گئی۔ تفتیشی افسر (IO) کی جانب سے عدالت کے روبرو ٹھوس شواہد، ناقابلِ تردید ثبوت اور گواہان پیش کیے گئے، جن کی بنیاد پر معزز عدالت نے ملزم زاہد لغاری کو عمر قید کے ساتھ 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
علاوہ ازیں اسی مقدمے سے منسلک سندھ آرمز ایکٹ کے تحت درج کیس میں بھی عدالت نے ملزم کو 5 سال قید اور 2 لاکھ روپے اضافی جرمانے کی سزا کا حکم دیا۔
اس موقع پر ایس ایس پی شہید بینظیر آباد سمیر نور چنہ نے کامیاب تفتیش کرنے والے انویسٹیگیشن افسر اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ:
“جرائم پیشہ عناصر کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے سائنسی بنیادوں پر تفتیش، مضبوط شواہد اور مؤثر پراسیکیوشن ناگزیر ہیں۔ پولیس کی بروقت اور مؤثر پیروی کے باعث آج انصاف کی فتح ہوئی ہے۔ ضلع میں امن و امان کے قیام اور مظلوم شہریوں کو انصاف کی فراہمی کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔”
