کوپن ہیگن: ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن کے شمالی علاقے میں دو مقامی ٹرینیں آمنے سامنے سے ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں 17 افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں میں سے 5 مسافروں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
مقامی وقت کے مطابق جمعرات کی صبح تقریباً ساڑھے 6 بجے ہلرود (Hillerod) اور کاگرپ (Kagerup) کو ملانے والی ریلوے لائن پر یہ حادثہ پیش آیا۔ جنگلاتی علاقے میں ہونے والے اس تصادم کے نتیجے میں دونوں ٹرینوں کے اگلے حصوں کو شدید نقصان پہنچا اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ کر دور دور تک بکھر گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے ٹرین کی بوگیوں کے اندرونی مناظر کو "انتہائی بھیانک قرار دیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت دونوں ٹرینوں میں مجموعی طور پر 38 مسافر سوار تھے۔ ریسکیو سروسز کے سربراہ کرسٹوفر بوہل مارٹیکلڈ نے میڈیا کو بتایا کہ تمام مسافروں کو ٹرینوں سے نکال لیا گیا ہے اور کوئی بھی شخص اندر پھنسا ہوا نہیں ہے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کے لیے ایمبولینسز کے ساتھ ساتھ ہیلی کاپٹرز کا بھی استعمال کیا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ حادثہ کس کی غفلت یا کس تکنیکی خرابی کی وجہ سے پیش آیا۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔X.

