راولپینڈی :شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں 8 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے قریب دہشتگردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع ملنے پر فورسز نے فوری کارروائی کی۔ مؤثر آپریشن کے دوران 8 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشتگردوں کا تعلق ایک ایسی تنظیم سے تھا جسے بھارتی سرپرستی حاصل ہے۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
حکام نے افغان طالبان پر مؤثر بارڈر مینجمنٹ میں ناکامی کا الزام عائد کرتے ہوئے افغان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور سرحد پار دہشتگردی کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے آپریشن ’’عزمِ استحکام‘‘ بھرپور طریقے سے جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے ملک کے دفاع کے لیے اپنے عزم کو غیر متزلزل قرار دیا ہے۔

