لاہور: نئے تعینات ہونے والے انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب راؤ عبدالکریم نے باضابطہ طور پر پنجاب پولیس کی کمان سنبھال لی۔ سنٹرل پولیس آفس آمد پر سینئر پولیس افسران نے آئی جی پنجاب کا استقبال کیا جبکہ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ آئی جی پنجاب نے پولیس شہدا کی یادگار پر حاضری دی اور شہدا کی ارواح کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
چارج سنبھالنے کے بعد آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز اور دیگر سینئر افسران سے ملاقات کی اور بعد ازاں میڈیا نمائندگان سے گفتگو میں اپنی پالیسی ترجیحات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اور بے لوث خدمت ان کی اولین ترجیح ہے، شہریوں میں احساسِ تحفظ کی فضا قائم رکھتے ہوئے پبلک آرڈر کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ راؤ عبدالکریم نے واضح کیا کہ دہشت گردی اور ملک دشمن عناصر کے خلاف اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا جبکہ آئین کی حکمرانی اور قانون کی مکمل پاسداری ہر حال میں یقینی بنائی جائے گی۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ جرائم کے مؤثر کنٹرول کے لیے آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ کو مزید فروغ دیا جائے گا اور جدید رجحانات اپنائے جائیں گے۔ انہوں نے پولیس شہدا کی فیملیز کو ہر ممکن سہولت اور ریلیف فراہم کرنے، پولیس فورس کا مورال بلند کرنے اور فورس کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے جزا پھر سزا کی پالیسی کے تحت شفاف اور غیر جانبدار احتساب ان کی پالیسی کا اہم حصہ ہوگا، نان پروفیشنلزم پر زیرو ٹالرینس کے تحت محکمانہ اور قانونی کارروائی میں تاخیر نہیں کی جائے گی اور محکمہ میں موجود کالی بھیڑوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ میڈیا معاشرے میں موجود مسائل اور جرائم کی نشاندہی کرتا رہے تاکہ بروقت اقدامات کے ذریعے سماج دشمن عناصر کا قلع قمع ممکن بنایا جا سکے۔ راؤ عبدالکریم کا تعلق پاکستان پولیس سروس کے 24ویں کامن سے ہے اور انہیں پولیس سروس کے انتہائی پروفیشنل افسران میں شمار کیا جاتا ہے۔

