لاہور: قائم مقام گورنر پنجاب و سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے چین کے سبکدوش ہونے والے قونصل جنرل ژاؤ شریں (Zhao Shiren) نے گورنر ہاؤس میں الوداعی ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک چین دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون اور اسٹریٹیجک شراکت داری سمیت دفاع، تعلیم اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خاں نے ژاؤ شریں کی پاکستان میں سفارتی خدمات کو بھرپور الفاظ میں سراہا اور کہا کہ ان کے دور میں پنجاب اور چین کے درمیان معاشی و سماجی روابط میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا:
"پاک چین دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا وہ مضبوط ستون ہے جو اخلاص اور اعتماد پر مبنی ہے۔ مشکل کی ہر گھڑی میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کا ساتھ دے کر ثابت کیا کہ یہ رشتہ ہمالیہ سے بلند ہے۔”
ملاقات کے دوران سی پیک (CPEC) کو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ‘گیم چینجر’ قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ یہ شراکت داری خطے میں امن اور استحکام کی ضامن ہے۔قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خاں نے زور دیا کہ اس تاریخی دوستی کو نئی نسل تک منتقل کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔
سبکدوش ہونے والے چینی قونصل جنرل ژاؤ شریں نے پاکستانی عوام کی محبت اور مخلصانہ میزبانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور بالخصوص پنجاب سے بہت سی خوبصورت یادیں ساتھ لے کر جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ پاک چین دوستی نسلوں تک قائم رہنے والا رشتہ ہے۔دونوں ممالک کے عوام محبت اور اخوت کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں جو تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جا رہے ہیں۔
ملاقات میں سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چودھری عامر حبیب، پرنسپل سیکرٹری عماد حسین بھلی اور ترجمان پنجاب اسمبلی راؤ ماجد علی بھی موجود تھے۔

