واشنگٹن:امریکی صدر ٹرمپ نے وینزویلا کی نئی رہنما ڈیلسی رودریگیز کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ صحیح کام نہیں کریں گی تو انھیں بہت بڑی قیمت چکانی پڑے گی، شاید مادورو سے بھی بڑی۔
امریکی جریدے دی اٹلانٹک سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے یہ بیان اس وقت دیا جب معزول صدر نیکولس مادورو پیر کو نیویارک کی عدالت میں پیش ہونے والے ہیں۔
مادورو پر منشیات کی سمگلنگ اور اسلحے سے متعلق الزامات کے تحت نیویارک میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
امریکا کی منشیات فروشوں سے جنگ ہے، وینز ویلا پرحکومت نہیں کرینگے، مارکو روبیو امریکی وزیرخارجہ
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے زور دیا کہ امریکا وینزویلا سے جنگ نہیں کر رہا۔امریکہ کے سکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو نے اتوار کو کہا کہ، ریاستہائے متحدہ وینزویلا پر حکومت نہیں کرے گا۔ تاہم کچھ ڈیموکریٹ ارکان نے امریکی فوجی کارروائی کو جنگی اقدام قرار دیا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ رجیم چینج، جو بھی آپ اسے کہیں، موجودہ صورتحال سے بہتر ہے۔ اس سے بدتر نہیں ہو سکتا۔
یادرہے امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے وعدہ کیا تھا کہ امریکا ملک کو اس وقت تک چلائے گا جب تک محفوظ اور مناسب منتقلی ممکن نہ ہو۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا کی تیل کی کمپنیاں انفراسٹرکچر درست کرنے اور آمدنی پیدا کرنے کے لیے وینزویلا جائیں گی۔
تاہم روبیو نے اتوار کو کئی ٹی وی انٹرویوز میں کہا کہ یہ کارروائی وینزویلا کے خلاف جنگ نہیں بلکہ منشیات کے نیٹ ورکس کے خلاف ہے۔ انھوں نے کہا کہ’ہم منشیات فروش تنظیموں سے جنگ کر رہے ہیں، وینزویلا سے نہیں۔
روبیو نے مزید کہا کہ اگر وینزویلا صحیح فیصلے نہیں کرتا تو امریکا کے پاس دباؤ ڈالنے کے کئی طریقے ہیں امریکا تیل کی ناکہ بندی کے ذریعے وینزویلا پر تبدیلیوں کے لیے دباؤ ڈالے گا۔
بیمار آدمی حکومت کررہا ہے، زیادہ دیر نہیں چلے گا، امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی کولمبیا کے صدر کو بھی دھمکی
دریں اثنا ٹرمپ نے کولمبیا کو بھی دھمکی دی ہے اور کولمبیا کے صدر کو بیمار آدمی‘قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کولمبیا بھی بیمار ہے۔ ایک بیمار آدمی کے زیرِ انتظام، جو کوکین بنا کر امریکا کو بیچتا ہے اور وہ یہ زیادہ دیر تک نہیں کرسکے گا۔
مادورو 2013 سے اقتدار میں تھے۔ ان پر اپوزیشن کو دبانے اور تشدد کے الزامات لگتے رہے ہیں۔ ان پر 2024 کے انتخابات میں دھاندلی کا الزام بھی لگتا رہا ہے۔
تاہم مادورو نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا منشیات کے خلاف جنگ کو بہانہ بنا کر انھیں ہٹانا اور وینزویلا کے تیل کے ذخائر پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔
مادورو کی نائب صدر ڈیلسی رودریگیز کو سپریم کورٹ نے عبوری صدر کے طور پر حلف دلایا ہے اور فوج نے بھی ان کی حمایت کی ہے۔ وہ پیر کو کاراکس میں صدر کے طور پر حلف اٹھائیں گی۔

