کراچی: مختلف جامعات کے طلبہ اور فیکلٹی ممبران نے ملیر گیریژن کا دورہ کیا جہاں پاک فوج کے ساتھ ایک یادگار دن گزارا گیا۔ اس موقع پر طلبہ و فیکلٹی ممبران کے لیے جی او سی ملیر گیریژن کراچی کے ساتھ خصوصی مکالماتی نشست کا اہتمام کیا گیا۔
دورے کے دوران طلبہ و اساتذہ نے جدید اسلحے، فائرنگ کی عملی مشقوں اور فوجی جوانوں کی جنگی مہارتوں کا مشاہدہ کیا۔ خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے جی او سی ملیر نے دشمن کے منفی پروپیگنڈے کے مؤثر توڑ کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی اور ففتھ جنریشن وارفیئر کے خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے قومی سطح پر فکری تیاری کی ضرورت پر زور دیا۔
طلبہ نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے قومی یکجہتی کا اظہار کیا۔ ملیر گیریژن میں یادگار روز کے اختتام پر طلبہ و اساتذہ نے پاک فوج کے ساتھ اظہارِ جانثاری اور مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔ طلبہ کے اس دورے نے نوجوان نسل میں پاک فوج کے کردار، قربانیوں اور قومی سلامتی سے متعلق شعور کو مزید مضبوط کیا۔

