راولپنڈی:مری میں ممکنہ برفباری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے پیشگی انتظامات مکمل کرتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے مال روڈ، کنٹرول روم، ٹی ایچ کیو ہسپتال اور مختلف حساس علاقوں کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مری کے مختلف مقامات پر 13 فیسیلیٹیشن سنٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں سیاحوں کو رہنمائی، ابتدائی طبی امداد اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ریسکیو 1122، ہائی وے پولیس، روڈز ڈیپارٹمنٹ، آر ڈبلیو ایم سی، ٹورازم اسکواڈ سمیت تمام متعلقہ اداروں کو مشینری کے ساتھ فیلڈ میں تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ کنٹرول روم بھی مکمل طور پر فعال ہے۔ ڈپٹی کمشنر مری نے کہا کہ سیاحوں کی سہولت اور حفاظت ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک مینجمنٹ پلان پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام اور سیاحوں سے اپیل کی کہ موسمی صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں اور سفر سے قبل موسم کی صورتحال کو ضرور مدنظر رکھیں۔

