راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دو علیحدہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 12 اور 13 دسمبر 2025 کےدرمیان خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع مہمند میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سات خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع بنوں میں کیا گیا جہاں سیکیورٹی فورسز نے مزید چھ خوارج کو مؤثر کارروائی کے دوران ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی بھی بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غیر متزلزل انسدادِ دہشت گردی مہم پوری شدت سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف زرداری کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع مہمند اور ضلع بنوں میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف دو الگ الگ کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے ان آپریشنز کے دوران 13 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات مندانہ کردار کی بھرپور تعریف کی۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم تیرہ خوارج کے خاتمے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدرِ مملکت نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر بھی سیکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات کو بھی سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے اور دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔ صدرِ مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی ادارے اور قوم یکجا ہو کر جدوجہد جاری رکھیں گے۔
خیبر پختونخوا ، ضلع مہمند اور بنوں میں انٹیلی بیسڈ آپریشن، فتنہ الخوارج کے 13 دہشت گرد ہلاک، وزیراعظم اور صدر کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

