لاہور:پنجاب حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ٹرانسپورٹرز اتحاد نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیرِ ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان کے ساتھ بات چیت کے بعد ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا، جس کے بعد صوبائی حکومت نے پنجاب وہیکل آرڈیننس 2025 پر عمل درآمد عارضی طور پر روک دیا ہے۔
یاد رہے کہ ٹرانسپورٹرز نے بھاری جرمانوں کے خلاف لاہور سمیت صوبے بھر میں پہیہ جام ہڑتال کی ہوئی تھی۔
ٹرانسپورٹ اتحاد کا کہنا تھا کہ بھاری جرمانے، مقدمات میں نرمی اور ٹریفک آرڈیننس کی واپسی تک احتجاج جاری رہے گا۔
یادرہےپاکستان ٹرانسپورٹ متحدہ مشترکہ ایکشن کمیٹی کے رکن اور پاکستان منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹ ایسو سی ایشن کے مرکزی صدر حاجی شیر علی نے گذشتہ روز اعلان کیا تھا کہ پنجاب کی 11 ٹرانسپورٹ تنظیموں نے متفقہ طور پر اس آرڈیننس کے خلاف ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ قانون پر عملدرآمد کے سوا کوئی اور راستہ نہیں اور زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ’بغیرلائسنس ڈرائیونگ موت اورحادثات کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ سکول کے بچوں کی زندگیوں کی حفاظت پر کسی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔‘

