ڈیرہ بگٹی: انسدادِ دہشت گردی کی مؤثر حکمت عملی کے تحت فتنہ الہندوستان (بی آر اے) کے کمانڈر وڈیرہ نور علی چاکرانی اور اس کے 74 ساتھیوں نے ریاست کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔ دہشت گرد پاکستان ہاؤس سوئی، ضلع ڈیرہ بگٹی میں سرینڈر ہوئے، جہاں ضلع کے معززین اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔
بی آر اے کے شرپسندوں نے نور علی چاکرانی اور ان کے ساتھیوں پر اس وقت حملہ بھی کیا جب وہ ہتھیار ڈالنے کیلئے پاکستان ہاؤس جا رہے تھے۔ سرینڈر کرنے والے دہشت گردوں نے پاکستان ہاؤس کے کیئر ٹیکر میر آفتاب بگٹی اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی کی موجودگی میں بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی جمع کرایا۔
وڈیرہ نور علی چاکرانی نے نہ صرف ہتھیار ڈالے بلکہ بی آر اے کے خلاف چاکرانی امن فورس قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ ان کا سرینڈر ضلع ڈیرہ بگٹی میں موجودہ امن و امان کے منظر نامے میں ایک اہم پیشرفت ہے اور بلوچستان میں سرگرم دیگر دہشت گرد تنظیموں کے لیے یہ ایک بڑا دھچکا ہے۔ سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں اور حکمت عملی کے باعث اب دہشت گردوں کا ریاست کے سامنے ہتھیار ڈالنا ناگزیر ہو گیا ہے۔

