دوحہ:پاکستان شاہینز نے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے دوسرے میچ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے بھارت اے کو با آسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں اوپنر معاذ صداقت کی جارحانہ بیٹنگ نمایاں رہی جنہوں نے 79 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ انہیں مرد میدان قرار دیا گیا۔ یہ ٹورنامنٹ میں پاکستان شاہینز کی مسلسل دوسری کامیابی ہے۔ ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ شاہینز کے لیے سودمند ثابت ہوا۔ بھارتی بیٹرز پاکستانی باؤلرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور پوری ٹیم 19 اوورز میں 136 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
بھارت اے کی جانب سے ویبھاؤ سوریاونشی نے سب سے زیادہ 45 رنز بنائے جس میں 3 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے، انہیں سفیان مقیم نے آؤٹ کیا۔ نمن دھیر نے بھی 35 رنز بنا کر ٹیم کو سہارا دیا تاہم بھارتی ٹیم کی آخری 8 وکٹیں محض 45 رنز کے اضافے پر گر گئیں۔ شاہینز کی جانب سے شاہد عزیز نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ معاذ صداقت اور سعد مسعود نے دو، دو جبکہ سفیان مقیم، عبید شاہ اور احمد دانیال نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
137 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز معاذ صداقت اور محمد نعیم نے 55 رنز کی پر اعتماد شراکت قائم کی، محمد نعیم 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ معاذ صداقت نے ایک بار پھر دھواں دار بیٹنگ کی اور 47 گیندوں پر 79 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 7 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ وہ اس سے قبل عمان کے خلاف بھی 96 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیل چکے ہیں۔ یاسر خان 11 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ محمد فائق 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان شاہینز نے مطلوبہ ہدف بآسانی 13.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
پاکستان کرکٹ کیلئے آج فخر کا دن ہے، محسن نقوی
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ آج پاکستان کرکٹ کے لیے ایک نہایت فخر کا دن ہے۔ پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو 8 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے مقررہ ہدف محض 13.2 اوورز میں حاصل کر لیا۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ یہ کارکردگی بے خوف اور ناقابل فراموش مظاہرہ تھی جو ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز ٹورنامنٹ میں سامنے آئی۔
انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کی خصوصی تعریف کی اور کہا کہ یہ پاکستان کرکٹ کے روشن مستقبل کی عکاسی ہے۔ محسن نقوی نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار کرکٹ کھیل کر نہ صرف ٹیم بلکہ ملک کے لیے فخر کا لمحہ پیدا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کامیابی سے پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں اور حوصلے کا پتہ چلتا ہے اور یہ ملک کے لیے امید افزا علامت ہے۔

