واشنگٹن:وائٹ ہاؤس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی منظوری کے بعد نیا بال روم تعمیر کرنے کے لئے مشرقی وِنگ کے ایک حصے کو منہدم کرنا شروع کر دیا ۔
چینی خبررساں ادارے شنہوا کے مطابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نےسوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ وائٹ ہاؤس کے احاطے میں نیا، بڑا اور خوبصورت وائٹ ہاؤس بال روم تعمیر کیا جا رہا ہے،یہ منصوبہ نجی فنڈنگ سے مکمل کیا جائے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق گزشتہ 150 سال سے ہر امریکی صدر کا خواب تھا کہ وائٹ ہاؤس میں ایک بال روم ہو جہاں سرکاری تقریبات اور ریاستی دوروں کے موقع پر شاندار استقبالیے منعقد کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں پہلا صدر ہوں جس نے اس دیرینہ خواب کو حقیقت میں بدلنے کا آغاز کیا۔
رپورٹس کے مطابق بال روم کی تعمیر پر 250 ملین امریکی ڈالر لاگت آئے گی جبکہ صدرڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ وائٹ ہاؤس کی موجودہ عمارت میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کرے گا۔کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ صدرڈونلڈ ٹرمپ کی ترجیحات میں وائٹ ہاؤس کو بلڈوز کرنا شامل ہے، بجائے اس کے کہ وہ حکومت کا شٹ ڈاؤن ختم کریں۔وائٹ ہاؤس کے ریکارڈ کے مطابق مشرقی وِنگ 1902 میں تعمیر کی گئی تھی اور اسے متعدد بار مرمت و توسیع کے مراحل سے گزارا گیا بعد ازاں 1942 میں اس میں دوسری منزل کا اضافہ کیا گیا۔

