نیویارک:بِٹ کوائن نے اتوار کو ایک نیا ریکارڈ قائم کیا اور ڈیجیٹل کرنسی کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 25 ہزار ڈالر کی حد عبور کرگئی۔
رپورٹ کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی کرپٹوکرنسی کی قیمت اگست میں پہلی بار ایک لاکھ 24 ہزار 500 کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی تھی اور اب وہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا ہے۔
بلومبرگ نیوز کے مطابق امریکی حصص بازار میں اضافے نے بھی بِٹ کوائن کی قیمت کو سہارا دیا ہے، جب کہ سرمایہ کاروں نے وفاقی حکومت کی فنڈنگ پر امریکی قانون سازوں کے مذاکرات کے دوران محفوظ سرمایہ کاری والے اثاثوں کا رخ کیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کا خاندان بھی کرپٹو کرنسیوں کے بڑے حامی ہیں اور مختلف کرپٹو منصوبوں میں شامل ہیں جنہوں نے ان کی دولت میں اضافہ کیا ہے۔ٹرمپ کی جانب سے ڈیجیٹل اثاثوں کو اپنانے سے امریکا کی حکومت کا وہ شکوک و شبہات پر مبنی رویہ تبدیل ہو گیا ہے جو سابق صدر جوبائیڈن کے دور میں کرپٹو صنعت کے حوالے سے موجود تھا۔
جولائی میں امریکی ایوانِ نمائندگان نے کرپٹو کرنسی سے متعلق تین تاریخی بل منظور کیے، جس کے بعد اس شعبے میں بڑے پیمانے پر ضابطہ جاتی تبدیلیاں دیکھی گئیں۔ان ریگولیٹری تبدیلیوں کے بعد بِٹ کوائن کی قدر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

