واشنگٹن : مشہور ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن یو ٹیوب اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان 2021 میں پیدا ہونے والے تنازعے پر تصفیہ ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں ویڈیو پلیٹ فارم انہیں 2 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ادا کرے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق 6 جنوری 2021 کو کیپیٹل ہل پر ریپبلکن پارٹی کے حامیوں کی جانب سے حملے کے بعد یو ٹیوب نے ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ معطل کردیا تھا۔یوٹیوب نے موقف اختیار کیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی ویڈیوز سے تشدد کو مزید ہوا مل سکتی ہے جس کے باعث اُن کا اکاؤنٹ معطل کیا گیا ہے۔
یو ٹیوب سے ملنے والا کروڑوں کا جرمانہ کہاں خرچ ہوگا ؟
آن لائن ویڈیو پلیٹ فارم گوگل کی پیرنٹ کمپنی الفابیٹ کا ایک ذیلی ادارہ ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا اکاؤنٹ معطل ہونے کے بعد یو ٹیوب کے خلاف قانونی مقدمات درج کروائے تھے۔
کیلیفورنیا کی وفاقی عدالت میں جمع ہونے والی دستاویزات کے مطابق یوٹیوب کی جانب سے ملنے والی رقم میں سے 2 کروڑ 20 لاکھ ڈالر وائٹ ہاؤس میں ایک نئےغیر منافع بخش بال رُوم کی تعمیر کے لیے خرچ ہوں گے۔
میٹا اور ایکس نے بھی کروڑوں ڈالر ادا کرکے جان چھڑائی
جنوری میں میٹا نے 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر اور فروری میں ایکس نے ایک کروڑ ڈالر ادا کر کے صدر ٹرمپ کے ساتھ اسی نوعیت کے مقدمات کا تصفیہ کیا تھا۔
میٹا کے تصفیے کے تحت 2 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی رقم ڈونلڈ ٹرمپ کی فلوریڈا میں مجوزہ صدارتی لائبریری کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

