لاہور:(حافظ نعیم )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی ہنگامی بنیادوں پر تعمیر و مرمت کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ محکمہ تعمیرات و مواصلات کی ٹیمیں مختلف علاقوں میں متحرک ہیں اور سڑکوں کی بحالی کے کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے دن رات کام کر رہی ہیں۔
لیاقت پور کے علاقے خانگڑھ تا ڈومہ روڈ پر سیلابی پانی سے پیدا ہونے والے شگاف کی مرمت مکمل کر لی گئی ہے۔ احمد پور شرقیہ میں ہیڈ پنجند کے قریب نذرو والی ہٹی تا مکھان بیلہ سڑک کی تعمیر جاری ہے، جبکہ علی پور میں سیت پور تا مرہڑی سڑک پر پڑنے والا شگاف بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔احمد پور کے علاقے چنی گوٹھ روڈ کی مرمت کا کام جاری ہے۔ علی پور کے علاقے بستی عظیم شاہ اور کل کنول روڈ پر بھی جلد مرمت کا آغاز کیا جائے گا۔ احمد پور شرقیہ میں شندر بھان تا بارے والی سڑک کی مرمت مکمل کر لی گئی ہے۔
علی پور کے علاقے شاہی والا روڈ نزد سلطان پور پر کام تیزی سے جاری ہے۔ سلطان پور تا سیت پور سڑک کی بحالی کے لیے بھاری مشینری موقع پر پہنچا دی گئی ہے اور مرمت کا کام شروع ہو چکا ہے۔اسی طرح علی پور تحصیل میں بستی دیسی نزد سلطان پور سڑک کی ہنگامی مرمت کا عمل جاری ہے، جبکہ خانگڑھ تا ڈومہ سرکی سڑک کی مرمت بھی جلد مکمل ہونے کے مراحل میں ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ متاثرہ سڑکوں کی جلد از جلد بحالی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو سفری مشکلات سے نجات مل سکے۔
 
		
 
									 
					