واشنگٹن: 30 دنوں سے بھی پہلے امریکا اور بھارت میں پھر پیار کی پینگیں بڑھنے لگیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹرتھ سوشل پر ٹیرف کے نئے سمجھوتے کیلئے مذاکرات کی پیشکش، بھارتی وزیراعظم نریندر ا مودی نے پھر ٹرمپ کو قریبی دوست اور شراکت دار قرار دیدیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی سماجی رابطے کی سائٹ ٹرتھ سوشل پر کی گئی ایک پوسٹ میں کہا کہ ان کی انتظامیہ بھارت کے ساتھ تجارتی رکاوٹوں کو حل کرنے کے لیے مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہے اور وہ اس سلسلے میں نریندر مودی سے بات کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان اشارہ ہے کہ سفارتی کشیدگی کے بعد امریکا اور بھارت کے درمیان کوئی تجارتی معاہدہ ہو سکتا ہے۔
امریکی صدر کے لہجے میں واضح تبدیلی نوٹ کی گئی جب انہوں نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ کہ وہ آئندہ دنوں میں نریندر مودی سے بات کرنے کے منتظر ہیں اور پرامید ہیں کہ وہ ایک تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دے سکتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ دونوں عظیم اقوام کے لیے ایک کامیاب نتیجے تک پہنچنے میں ہمیں کوئی مشکل نہیں ہوگی۔
دوسری جانب، بھارتی وزیراعظم نے بدھ کے روز سوشل میڈیا کی ا یکس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن اور نئی دہلی قریبی دوست اور فطری شراکت دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی ٹیمیں تجارتی مذاکرات کو جلد از جلد مکمل کرنے پر کام کر رہی ہیں جب کہ میں بھی صدر ٹرمپ سے بات کرنے کا منتظر ہوں، ہم مل کر اپنے عوام کے لیے ایک روشن اور خوشحال مستقبل کو یقینی بنائیں گے۔
دونوں رہنماؤں کے تازہ بیانات کے بعد بھارتی شیئرز میں 0.5 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا۔
 
		
 
									 
					
