کیئو: روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیئو پر ایک بڑا فضائی حملہ کیا ہے، جس میں حکام کے مطابق کم از کم 18 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔ مرنے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔
یوکرین کے حکام نے بتایا کہ روسی افواج نے جمعرات کو علی الصبح کروز اور بیلسٹک میزائلوں کے علاوہ سینکڑوں ڈرونز سے حملہ کیا، جس نے دارالحکومت کے رہائشی علاقوں اور شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا۔ یہ حملہ کئی ہفتوں میں کیف پر ہونے والا سب سے بڑا حملہ ہے۔
یورپی یونین کے وفد کے دفتر اور ایک مرکزی شاپنگ مال سمیت تقریباً 100 عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ حکام کے مطابق امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
اس حملے پر عالمی رہنماؤں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ برطانوی اور فرانسیسی حکام نے اسے "ریاستی دہشت گردی کا وحشیانہ عمل” قرار دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے مبصرین نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے، اور کہا ہے کہ 2025 کے پہلے سات مہینوں میں شہریوں کی ہلاکتوں کی تعداد میں 48 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

