سیاٹل، امریکا: شہر کے معروف جیولری اسٹور میں محض دو منٹ کے اندر ایک بڑی ڈکیتی کی واردات پیش آئی، جہاں ملزمان لاکھوں ڈالر مالیت کے زیورات لے کر فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق، یہ واردات آج دن کے وقت ہوئی جب مسلح ڈاکوؤں کا ایک گروپ دکان میں داخل ہوا۔
عینی شاہدین کے مطابق، ڈاکو تیزی سے اندر داخل ہوئے اور میناش اینڈ سنز نامی دکان کے شیشے توڑ کر انتہائی قیمتی زیورات اور گھڑیاں چوری کیں۔نمائش میں رکھی رولیکس گھڑیاں ہی سات لاکھ پچاس ہزار ڈالر کی تھیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کی نوعیت اور رفتار سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ ایک منظم گروپ کا کام ہے جو پہلے سے ہی اپنے ہدف کی نگرانی کر رہا تھا۔
پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر دی ہے اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ ڈکیتی کے وقت کی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر ان کے پاس اس واردات کے حوالے سے کوئی بھی معلومات ہو تو وہ فوری طور پر پولیس سے رابطہ کریں۔
دکان کے مالک کا کہنا ہے کہ انہیں اس ڈکیتی سے بڑا مالی نقصان ہوا ہے۔ مقامی انتظامیہ نے شہر میں سیکورٹی بڑھانے کا عزم کیا ہے تاکہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔

