لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور کے معروف سرکاری اسپتال سر گنگا رام اسپتال کے احاطے میں واقع قدیم کنویں سے گزشتہ 10 روز سے لاپتہ نوجوان کی لاش برآمد ہونے سے اسپتال انتظامیہ اور عملے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
یہ افسوسناک انکشاف ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ملحقہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے آٹھویں کانووکیشن میں بطور مہمانِ خصوصی شریک تھیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو حکام نے سیکیورٹی و پروٹوکول کی مصروفیات کے اختتام کے فوری بعد کنویں سے میت نکال کر اپنی تحویل میں لے لی اور پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا۔
ابتدائی پولیس تحقیقات کے مطابق جاں بحق ہونے والا نوجوان عبداللہ گنگا رام اسپتال کی کینٹین میں ملازمت کرتا تھا اور گزشتہ 10 روز سے پراسرار طور پر لاپتہ تھا، جس کی گمشدگی کی اطلاع کینٹین انتظامیہ کی جانب سے پولیس کو دی گئی تھی۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق تکنیکی بنیادوں پر جب متوفی عبداللہ کے موبائل فون کا ریکارڈ چیک کیا گیا تو اس کی آخری لوکیشن گنگا رام اسپتال کی حدود میں ہی سامنے آئی۔ مزید جانچ پڑتال اور اسپتال کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لینے پر یہ انکشاف ہوا کہ عبداللہ نے چلتے ہوئے کنویں کے ڈھکنے پر پاؤں رکھا جو وزن برداشت نہ کرتے ہوئے الٹ گیا، جس کے نتیجے میں وہ گہرے کنویں میں جا گرا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کنواں کے ڈھکن کو قبضے نہیں لگے تھے جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا گنگارام ہسپتال کے ایم اینڈ آر ڈیپارٹمنٹ کی نااہلی کے باعث یہ واقعہ ہوا اس شعبہ کا کرتا دھرتا ایک ایڈہاک ملازم ہے۔

اسپتال کے اندر موجود کنویں سے 10 روز بعد اور عین وزیراعلیٰ کے دورے کے وقت لاش ملنے کے واقعے نے کئی سنگین سوالات کو جنم دے دیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی مکمل چھان بین کے لیے اسپتال کی کینٹین اور پارکنگ اسٹینڈ کے عملے کے متعدد افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زیرِ حراست افراد کے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں اور اس بات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے کہ آیا یہ واقعی ایک افسوسناک حادثہ تھا یا اس کے پیچھے کوئی مجرمانہ غفلت یا سازش کارفرما ہے۔ حکام کے مطابق نوجوان عبداللہ کی موت کی حتمی وجوہات پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گی۔
دس روز سے پراسرار طور پر لاپتہ نوجوان کی لاش گنگا رام اسپتال کے کنویں سے برآمد، وزیراعلیٰ پنجاب کا پروٹوکول ، حکام نے میت کو بھی انتظار کرادیا?


