لاہور: پاکستانی فلموں کے معروف اداکار معمر رانا کی بیٹی ریا رانا نے علی زاہد کے ساتھ نکاح کر کے نئی زندگی کا آغاز کر دیا ہے، جس کی تصاویر انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کیں جنہیں مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصاویر میں نکاح کی تقریب کی سادگی اور خوبصورتی نمایاں ہے، جہاں ریا رانا نے سفید ریشمی شرارہ اور نفیس کڑھائی سے مزین مختصر قمیض زیب تن کی جبکہ علی زاہد سفید کرتا شلوار اور بیج رنگ کی شال میں ملبوس دکھائی دیے اور دونوں کے لباس میں رنگوں کی ہم آہنگی تقریب کی خاص بات رہی۔ تقریب میں دونوں خاندانوں کے قریبی افراد اور دوست احباب سمیت اداکارہ نادیہ جمیل نے بھی شرکت کی جو ریا کی والدہ مہناز کی قریبی ساتھی ہیں، جبکہ ریا کی بہن رانیہ سمیت اداکارہ شگفتہ اعجاز، لائبہ خرم، ہمایل اور ہیرا بلیہ سمیت دیگر معروف شخصیات نے بھی سوشل میڈیا پر نوبیاہتا جوڑے کے لیے محبت بھرے پیغامات اور نیک خواہشات کا اظہار کیا؛ واضح رہے کہ ریا رانا نے اس سے قبل 3 جنوری 2022 کو ایک پروقار تقریب میں علی زاہد سے اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا۔


