مظفرگڑھ (بے نقاب نیوز / ویب ڈیسک)
مظفرگڑھ میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا ہے جہاں 5 بیٹیاں پیدا ہونے اور دوسری شادی کی اجازت نہ ملنے پر ایک سفاک باپ نے مبینہ طور پر اپنی ہی دو معصوم بیٹیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کے ہاں مسلسل پانچ بیٹیوں کی پیدائش ہوئی تھی، جس پر وہ شدید ناخوش رہتا تھا اور بیٹے کی خواہش میں دوسری شادی کرنا چاہتا تھا۔ اہلِ خانہ کی جانب سے دوسری شادی کی اجازت نہ ملنے پر ملزم طیش میں آ گیا اور انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے اپنی دو کمسن بیٹیوں کی جان لے لی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور فرانزک ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ پولیس نے دونوں بچیوں کی لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا ہے، جبکہ موقع سے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، تاہم اس کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق ملزم کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔


