حافظ آباد/گوجرانوالہ: سابق وزیرِ مملکت چوہدری لیاقت عباس بھٹی کے لرزہ خیز قتل کی تفتیش میں پولیس نے اہم اور سنسنی خیز انکشافات کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان گزشتہ ایک ماہ سے اس واردات کی باقاعدہ منصوبہ بندی کر رہے تھے اور قتل کے بعد لوٹی گئی قیمتی گاڑیاں اور اسلحہ فروخت کر کے افغانستان کے راستے بیرونِ ملک فرار ہونے کا ارادہ رکھتے تھے۔
پنجاب پولیس حافظ آباد کی بڑی کامیابی!
سابق وفاقی وزیر چوہدری لیاقت عباس بھٹی کے ہائی پروفائل قتل کیس میں ملوث 3 ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔ سیف سٹی کیمروں، جدید ٹیکنالوجی، سی ڈی آر تجزیے اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے مسروقہ لینڈ کروزر V8، پراڈو، اسلحہ اور دیگر اہم سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔
آر پی او گوجرانوالہ خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے پریس کانفرنس کے دوران حافظ آباد پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ چوتھے ملزم کی گرفتاری اور مکمل برآمدگی تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ کیس کو منطقی انجام تک پہنچا کر ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
#PunjabPoliceCPO #HafizabadPolice #CrimeControl #JusticeForAll— Punjab Police Official (@OfficialDPRPP) November 23, 2026
ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) گوجرانوالہ خرم شہزاد وڑائچ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس واردات کو ایک ’سوچا سمجھا اور پہلے سے طے شدہ قتل‘ قرار دیا۔ واضح رہے کہ تھانہ سٹی حافظ آباد میں مقتول کے چار ذاتی محافظوں سمیت 11 ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں سے تین مرکزی ملزمان کو خیبر پختونخوا کے علاقے ملاکنڈ سے گرفتار کیا جا چکا ہے، جن میں مقتول کا ایک سابق سیکیورٹی گارڈ بھی شامل ہے۔
آر پی او گوجرانوالہ خرم شہزاد وڑائچ کے مطابق ملزمان نے واردات کے بعد لوٹی گئی گاڑیوں میں سے ایک گاڑی کا ایک کروڑ روپے میں سودا طے کر لیا تھا جبکہ بقیہ گاڑیوں اور اسلحے کی فروخت کے لیے گاہک تلاش کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حافظ آباد پولیس بروقت تعاقب کر کے ملاکنڈ میں چھاپہ مار کارروائی نہ کرتی تو صوابی سے تعلق رکھنے والے دو ملزمان ملک سے فرار ہونے میں کامیاب ہو چکے ہوتے۔
پولیس حکام نے انکشاف کیا کہ گرفتار کیے گئے تینوں ملزمان ریکارڈ یافتہ اشتہاری ہیں، جن میں سے دو ملزمان قتل کے دیگر مقدمات میں پہلے ہی مختلف علاقوں کی پولیس کو مطلوب تھے۔ مقدمے میں نامزد چوتھے مرکزی ملزم فرحان علی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جس کے قبضے میں لوٹی گئی ایک گاڑی اور کچھ اسلحہ بھی موجود ہے۔
تفتیشی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے آر پی او نے بتایا کہ پولیس نے جائے وقوعہ سے آلۂ قتل چھری اور وہ رسی بھی برآمد کر لی ہے جس کے ذریعے لیاقت عباس بھٹی کے گلے میں پھندا ڈالا گیا تھا۔ ان کے مطابق مقتول کی گردن پر رسی کے واضح نشانات پائے گئے ہیں، جبکہ فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے مجموعی طور پر 19 اہم شواہد اکٹھے کر کے تجزیے کے لیے بھجوا دیے ہیں۔


