بھریا سٹی رپورٹ: مجاہد علی مغل،

نوشہروفیروز: یوسی چیھو کے قریب گاؤں یوسف راجپر کی رہائشی مسمات حاجران راجپر نے اپنے بیٹے ظفر علی راجپر کے ہمراہ نوشہروفیروز پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔پریس کانفرنس کے دوران حاجران راجپر نے دعویٰ کیا کہ زمین پر بکریاں چرانے کے معاملے پر ان کے بھانجے، پولیس اہلکار راشد راجپر اور اس کے ساتھیوں نے مبینہ طور پر ان پر حملہ کیا۔ متاثرہ خاتون کا الزام ہے کہ ملزمان نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا، ان کے کپڑے پھاڑ دیے اور اسلحہ دکھا کر جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ واقعے کے وقت جب ان کا بیٹا ظفر علی راجپر بیچ بچاؤ کے لیے آگے بڑھا تو ملزمان نے اسے بھی مبینہ طور پر شدید مار پیٹ کا نشانہ بنایا، جس کے باعث اس کا بازو ٹوٹ گیا۔حاجران راجپر کے مطابق واقعے کی این سی (NC) تھانہ پڈعیدن میں درج کرائی جا چکی ہے، تاہم مبینہ ملزمان کے خلاف تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی، بلکہ الٹا زخمی بیٹے کو پولیس نے حراست میں لے رکھا ہے، جس پر انہوں نے شدید تحفظات اور ناانصافی کا شکوہ کیا۔پریس کانفرنس میں متاثرہ خاتون نے ایس ایس پی نوشہروفیروز، سیشن جج نوشہروفیروز اور ایس ایچ او پڈعیدن سے فوری انصاف اور جان و مال کے تحفظ کی اپیل کی۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر انہیں انصاف نہ ملا تو وہ اپنے بچوں سمیت خودسوزی کرنے پر مجبور ہوں گی، جس کی تمام تر ذمہ داری مبینہ ملزمان اور متعلقہ پولیس پر ہوگی۔


